29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
موروثی سیاست نے عوام کو قرضے تلے دبا رکھا ہے،فاروق ستار
جنگ نیوز -
میانوالی…ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں62 سالوں سے موروثی سیاست چل رہی ہے،ہر بار جو جیتا وہ وزیر،جو ہارا وہ مشیر اور باقی بچ جانے والوں کو بیرون ملک سفیر بنادیا جاتا ہے،لیکن اب پاکستان میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے۔میانوالی میں انجمن تاجران کی جانب سے ایم کیو ایم رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے قوم کو تریسٹھ سالوں سے قرضوں کے بوجھ تلے دبا رکھا ہے اورملک میں پیدا ہونے والا ہر بچہ اپنے کاندھوں پر پچاس ہزار روپے قرضے کا بوجھ لیکر آتا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے پر امن انقلاب کو روکنے کی کوشش کی گئی تو لاکھوں لوگ سڑکوں پر ہونگے،ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدان عوام کو نہر والے پل پر بلاکر نہ جانے کہاں چلے گئے،لیکن الطاف حسین پہلے نہر والے پل پر ہوگا پھر کسی کو وہاں بلائے گا۔ تقریب سے وسیم اختر اور طاہر کھوکھر سمیت ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں اور تاجروں نے بھی خطاب کیا۔