29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈیرہ غازی خان : دربار سخی سرور کو زائرین کیلئے کھول دیا گیا
جنگ نیوز -
ڈیرہ غازی خان…ڈیرہ غازی خان میں دربار سخی سرور کو ایک بار پھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ سخی سرور میں گذشتہ روز دھماکے کے بعد سوگ کا ماحول ہے اور تمام بازار بند ہیں۔مزار پرہونے والے خود کش دھماکے میں50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سرور کے دربار پر خودکش دھماکے میں50افراد جاں بحق اور سو سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔لاشوں اور زخمیوں کو ڈی جی خان اور ملتان کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق ایک دوسرے خودکش حملہ آور نے دھماکا کی کوشش کی اور ناکامی پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا، جس پر پولیس نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار خودکش حملہ آور نے بتایا میری زندگی بچ گئی، مگر صحت یاب ہونے کے بعد رہا ہوگیا تو پھر خود کش حملہ کروں گا۔ آئی جی پنجاب جاوید اقبال کے مطابق گرفتار ہونیوالا خودکش بمبار اور ہلاک ہونیوالا خود کش بمبار چار روز سے ڈیرہ غازی خان میں ہی موجود تھے۔خودکش حملہ آوروں کا ٹارگٹ جمعرات اور جمعہ کا دن تھا لیکن اس دن وہ حملہ کرنے میں ناکام رہے۔گرفتار خودکش حملہ آور کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کو بچانے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔