29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
شدید گرمی کے ساتھ لوڈشیڈنگ ، عوام دہری مشکلات میں گھر گئے
جنگ نیوز -
کراچی …ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے جبکہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو دہری مشکلات کا سامنا ہے۔سندھ کا شہر نواب شاہ ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں دن کے اوقات میں سڑکوں پر سناٹا ہوجاتا ہے اور کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ سخت گرمی کے باوجود شہری علاقوں میں8سے10اور دیہی علاقوں میں12 سے16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور نوشہروفیروز سمیت دیگر شہروں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین ، لورالائی، زیارت اور قلعہ سیف اللہ سمیت بیشتر علاقوں میں موسم ایک بار پھر خوشگوار ہوگیا ہے ، بالائی علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ تاہم شہروں میں10 اور دیہی علاقوں میں12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں6 سے8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ10گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور بہاولپور سمیت دیگر اضلاع میں بھی طویل لوڈشیدنگ سے عوام مشکلات میں مبتلا ہیں۔ جہاں شہری علاقوں میں کم از کم8 اور دیہی علاقوں میں10 سے12گھنٹے تک بجلی فراہم نہیں کی جاتی۔ صوبہ پختونخوا کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان ، سوات، چارسدہ اور نوشہرہ سمیت بیشتر شہروں میں موسم خوشگوار ہے تاہم بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے۔