تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

لوئر دیر بس اسٹینڈ پر بم دھماکا قابل مذمت ہے،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لوئر دیر میں جندول مونڈہ بس اسٹینڈ پر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں بم دھماکے کرکے اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے والے دہشت گرد مذموم عزائم رکھتے ہیں اور ملک کی سالمیت کو نقصان پہچانے کے در پے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے درندہ صفت جو بم دھماکوں کے ذریعے معصوم و بے گناہ انسانوں کا بے دریغ خون بہا رہے ہیں وہ نہ صرف ملک و قوم بلکہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ملک و قوم کئی برس سے صف آراء ہیں اور دہشت گردوں کی تما م تر دہشت گردیوں کے باوجود ملک کے استحکام اور سالمیت کیلئے مسلح افواج ، پیرا ملٹری فورسز ، پولیس اور تمام مکاتب فکر کے عوام کا اتحاد ایک دن ضرور دہشت گردی کے اس عفریت سے نجات دلائے گا ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ انھوں نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ لوئر دیر جندول مونڈہ بس اسٹینڈ پر بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اورملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے تاجربرادی،صنعتکار، ٹرانسپو رٹ انجمنوں اور مخیر سے اپیل کی ہے کہ وہ لاہور میں ایم کیوایم کے عظیم الشان ”جلسہ استحکام پاکستان“ کے انتظامات اور عوام کی شرکت کے سلسلے میں بھرپور اور ہر ممکن تعاون کریں۔ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی جماعت نہیں بلکہ غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کی جماعت ہے اور شروع دن سے ہی ایم کیوایم کے تمام اخراجات عوامی چندے اور عطیات سے پورے کئے جاتے ہیں ۔ الطا ف حسین نے خصوصاً پنجا ب کے تاجربرادی،صنعتکار ٹرانسپورٹ انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ لاہور میں ایم کیوایم کے جلسہ عام میں نہ صرف خود بھرپور شرکت کریں اور جلسہ عام کو کامیاب بنائیں بلکہ جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلے عوام کی شرکت کیلئے بھرپورمالی تعاون بھی کریں ۔الطاف حسین نے ٹرانسپورٹ برداری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہوسکے 10اپریل کیلئے کرایوں میں کمی کر کے عوام کی شرکت کو یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ الطاف حسین نے کہاکہ تاجر برادری، صنعتکار، سرمایہ دار اپنے عطیات ایم کیوایم لاہور کے زونل آفس، مقامی کیمپوں میں عطیات کیلئے لگائے گئے اسٹالوں اور مسلم کمرشل بنک ، واٹرپمپ برانچ کراچی میں ایم کیوایم کے اکاوٴنٹ نمبر0398830801000863 ، برانچ کوڈ 0073 میں بھی جمع کراسکتے ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.