29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکا نے 250ملین ڈالر کی امداد روک لی، چیئرمین ایچ ای سی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومتی فیصلے کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کی صوبوں کو منتقلی پرامریکا نے تحقیق اور بیرون ملک اسکالرشپس کے لیے250 ملین ڈالرکی امداد فوری طور پر روک لی ہے۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرجاوید لغاری نے جیونیوز کے نمائندے نویدصدیقی کو بتایاہے کہ آج امریکی سفارتخانے کی ایک خاتون اہلکار نے ان سے ملاقات کی اور انہیں امداد روکے جانے سے آگاہ کیا۔ امریکا نے اس سال ملک بھرسے اہل طلبہ کی بیرون ملک تعلیم اور تحقیق کے لیے250 ملین ڈالرکی امداد دیناتھی۔سفارتخانے کے حکام نے بتایا کہ وہ ہرصوبے کے ساتھ الگ الگ روابط نہیں رکھ سکتے ۔ڈاکٹرجاوید لغاری کے مطابق غیر یقینی صورتحال کے باعث ورلڈبینک نے بھی300 ملین ڈالرقرضہ روکنے کا اشارہ دیاہے۔ایچ ای سی کو صوبوں کو منتقلی کا تحریری حکم نامہ موصول نہیں ہوا، فی الحال زبانی احکامات ملے ہیں۔