29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
یمن میں فائرنگ سے17 مظاہرین ہلاک،لیبیا میں 5 شہری ہلاک
جنگ نیوز -
تعیز. . . .. .. . یمن کے شہرتعیزمیں سیکیورٹی فورسزکی فائرنگ سے سترہ مظاہرین جاں بحق ہوگئے۔ لیبیا کے شہرمصراتہ میں قذافی کی فورسزکے حملے میں پانچ شہری ہلاک ہوئے۔ ایرانی صدرمحموداحمدی نژاد نے عرب ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے الزام کومستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کو تحفظ دینے کے لیے مشرق وسطیٰ اورخلیجی ملکوں میں بدامنی اورشورش کوہوادے رہاہے۔ یمن کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔جنوبی شہرتعیزمیں مظاہرین پر پولیس نے اندھادھند فائرنگ کی جس سے سترہ افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے جب صوبائی حکومت کی عمارتوں پر ہلہ بولا تو اُنھیں پیچھے دھکیلنے کے لیے محافظوں نے اُن پر گولیاں چلا دیں۔ مغربی شہر ہودیعدا(Hudaida) میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے50 افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر لیبیا میں قذافی کی حامی فورسز نے مصراتہ کے رہائشی علاقوں پرگولاباری کی جس کے نتیجے میں پانچ شہری ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دوسری جانب ایرانی صدرمحموداحمدی نژاد نے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کومستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران عرب ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا۔مشرق وسطیٰ اورخلیجی ملکوں میں بدامنی اورانتشار امریکا پھیلارہا ہے تاکہ اسرائیل کومحفوظ بنایا جاسکے۔