تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

پنجاب ،ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا 36واں روز،متعدد کی برطرفی

جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا آج 36واں روز ہے ۔کئی سرکاری اسپتالوں میں ہڑتالی ڈاکٹرز کو برطرف کردیاگیا ہے اور نئے ڈاکٹرز کی تعیناتی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔بہاول پور میں بہاول وکٹوریہ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مختارحسین کا کہنا ہے کہ اوپی ڈی اور شعبہ حادثات میں مریضوں کو معمول کے مطابق طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔اسپتال کے 16 ہڑتالی ڈاکٹرز کو ملازمت سے برطرف کردیاگیا ہے اور 14 ڈاکٹرز کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کردی گئیں ہیں۔ فیصل آباد میں سرکاری اسپتالوں کے وارڈز اور او پی ڈی میں کام بند ہے تاہم ایمرجنسی میں سینئر ڈاکٹرز کے علاوہ دیہی مراکز صحت اور ضلعی محکمہ صحت کے تحت چلنے والی ڈسپنسری کے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کیلئے انٹرویوزکا سلسلہ بھی جاری ہے اور ضلعی حکومت کے ترجمان کے مطابق اب تک 6 سینئر ڈاکٹرز اور 28 میڈیکل آفیسرز کو بھرتی کیا جا چکا ہے۔ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ملتان میں بھی 36 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے دوسری جانب ملتان کے نشتر اسپتال میں 21 نئے ڈاکٹرز کو بھرتی کیا گیا ہیملتان کے نشتر اسپتال میں گزشتہ روز 21 ہڑتالی ڈاکٹرز کو فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 21 ہی نئے ڈاکٹرز کی تقرریاں بھی کی گئی ہے نشتر اسپتال کے ہاسٹل کو بھی ہڑتالی ڈاکٹرز سے خالی کروایا گیا ہے جس میں کچھ ڈاکٹرز ہاسٹل چھوڑ کر جا چکے ہیں دوسری جانب ڈاکٹرز کی ہڑتال ان ڈور ، آؤٹ ڈور وارڈز ، آپریشن تھیٹرز، لیبر رومز سمیت ایمرجنیسی وارڈز میں جاری ہے تاہم ملتان کے انسٹیویٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز نے ایمرجنیسی وارڈ میں اپنی سروسز مریضوں کو دینے کے لئے ہڑتال ختم کر دی ہے ۔ ڈاکٹرز اور پنجاب حکومت کی ہٹ دھرمی پر مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ کئی مریض ایسے بھی ہیں جن کے آپریشن ہونا تھے لیکن ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ان کے آپریشن تاخیر کا شکار ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.