29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، گیلانی، مشکلات کا احساس ہے، کیمرون
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اسلام آباد میں اسٹریٹجک مذاکرات جاری ہیں ، برطانیہ اور پاکستان کے وزرااعظم اپنے اپنے وفود کے ہمراہ باہمی تعلقات اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بات چیت کررہے ہیں۔وزیراعظم گیلانی کا کہناہے خطے میں امن کے قیام کو مستحکم بنانے کیلئے تمام ملکوں کوتعاون کرنا ہوگااور پاکستان کو اس وقت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا اپنا پہلا دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس آمدپر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کا استقبال کیا،اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے برطانوی وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر ڈیوڈ کیمرون کا پانچوں صوبائی وزرا اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزرا سے تعارف کرایا گیا،جس کے بعد دونوں وزرا اعظم کی ون آن ون ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وفود کی سطح پرپاک برطانیہ اسٹریٹجک مذاکرات کی قیادت دونوں وزرا اعظم نے کی جس میں برطانوی وزیراعظم کے ہمراہ ان کی پارٹی کی چئیرپرسن سعیدہ وارثی اور پاکستان میں ہائی کمشنر سمیت دیگر کابینہ کے ارکان جبکہ وزیراعظم گیلانی کے ہمراہ وزیرتجارت امین فہیم، وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر،ڈاکٹر بابر اعوان،رضا ربانی اور وزیرخزانہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے ،مذاکرات میں دو طرفہ معاشی تعاون ، تجارت کے فروغ، دہشت گردی کے خاتمہ اورافغانستان اور مشرق وسطیٰ کی امن وامان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا،مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبوں بالخصوص شدت پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں عوام کو بنیادی تعلیم اور بنیادی ضروریات اور صحت کی سہولیات کی پاکستان کو فراہمی میں اضافے اورتعاون بڑھا نے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔برطانوی وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اوراٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ برطانیہ پاکستان کی ضروریات سے آگاہ ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دیاجائے گا۔ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم گیلانی اسٹرٹیجک مذاکرات کے بعد ظہرانہ دیں گے اور متوقع طور پر یہ ورکنگ لنچ ہوگاجس کے بعد دونوں وزرا اعظم میڈیا کو مذاکرات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔