29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ملک میں طبی سہولیات کا فقدان،ہرمنٹ میں ایک بچہ ہلاک ہو جاتا ہے
جنگ نیوز - کراچی…فارن ڈیسک… پاکستان میں طبی سہولیات کی ناقص صورت حال کی وجہ سے ہر ایک منٹ بعد ایک بچہ ہلاک ہو جاتا ہے۔ اخبار’خلیج ٹائمز ‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ بچوں کو بیماری سے بچاوٴ کی کوششیں کریں، اس طرح لاکھوں بچوں کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔ اخبار نے پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کی سالانہ 2011کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک سال کی عمر تک کے چار لاکھ بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس رپورٹ میں اجاگر کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی شرح اموات تشویش کا باعث ہے ۔پانچ سال کی عمر تک کے ہر دس میں سے ایک بچہ ہلاک ہو جاتا ہے اور ہر تیس میں سے ایک بچہ پیدائش کے فوری بعد دنیا سے چلا جاتا ہے۔