29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ذوالفقار علی بھٹو کیس،وفاقی وزارت قانون نے کیس کے ریکارڈ کا معائنہ کیا
جنگ نیوز -
لاہور...وفاقی وزارت قانون نے لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کے ریکارڈ کا معائنہ کیا وزارت کے سینئر کنسلٹنٹ عارف چوہدری ایڈووکیٹ اور دوسرے ارکان نے بند کمرے میں ریکارڈ کا جائزہ لیا۔لاہور ہائیکورٹ میں بھٹو کیس کا ریکارڈ 3 بڑے صندوقوں میں محفوظ ہے جس میں سابق وزیر اعظم کو دی گئی پھانسی کا 73 صفحات پرمشتمل عدالتی فیصلہ،40 گواہوں کے بیانات ،ایف آئی آر ،چالان ،ضمنیاں، ذوالفقار علی بھٹو کا53 صفحات پر مشتمل ہاتھ سے لکھا ہوا بیان، ذوالفقار علی بھٹو کی درخواست ضمانت کا فیصلہ شامل ہے۔اس کے علاوہ بھٹو کے وکلا یحییٰ بختیار،غلام علی میمن اور ڈی ایم اعوان کے وکالت نامے، سرکاری وکلا ایم انور،ایم اے رحمن،اعجاز بٹالوی اور فاروق بیدار کے وکالت نامے، دستاویزات اور دوسرا مواد بھی شامل ہے۔ وزارت قانون نے ریکارڈ کی نقول بھی حاصل کیں جو سپریم کورٹ کے روبرو بھٹو کیس کے حوالے سے دائر ریفرنس میں استعمال کی جائیں گی۔