29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں بھتہ مافیا کیخلاف احتجاج کرنے والے تاجر خود لڑ پڑے
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں بھتہ خوری اور پرچی مافیا کے خلاف ہڑتال کے دوران پولو گراؤنڈ میں تاجروں کا پر امن احتجاج شروع ہوتے ہی بدنظمی کا شکار ہوگیا، اس موقع پر کراچی چیمبر کے اراکین اور چھوٹ تاجروں کے درمیان دھکم پیل اور ہاتھا پائی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے اعلان کردہ پر امن احتجاج اس وقت بد نظمی کا شکار ہوگیا، جب چھوٹے تاجروں نے وہاں پہنچ کر چیمبر کے سابق صدر سراج قاسم تیلی کی پریس کانفرنس کے دوران کراچی چیمبر کے خلاف نعرے بازی شروع کرکے بد انتظامی کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس دوران تاجروں اور دیگر افراد کے درمیان ہاتھا پائی اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی ،چھوٹے تاجروں کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر آف کامرس نے ہڑتال میں تاجروں کا ساتھ نہ دیکر تاجر برادی کو رسوا کیا ہے۔ جبکہ کراچی چیمبر اراکین کا موقف تھا کہ چھوٹے تاجروں نے ہڑتال سیاسی جماعتوں کے دباؤ میں آکر کی ہے۔ لیکن پھرچھوٹے تاجروں کی پولو گراوٴنڈ سے روانگی کے بعد صورتحال دوبارہ کنٹرول میں آگئی۔ بعدازا کراچی چیمبرز کے اراکین بھی احتجاج جو6 بجے تک جاری رہنا تھا، فوری ختم کرکے روانہ ہوگئے۔