29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جناح اسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ناکام
جنگ نیوز -
کراچی…جناح اسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ناکام ہو گئی۔ کچھ ڈاکٹرز نے احتجاج میں حصہ لیا جبکہ بیشتر ڈاکٹرز او پی ڈیز میں مریض دیکھتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے آج جناح اسپتال اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں ایک گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔ احتجاج کے لیے صرف پچاس سے زائد ینگ ڈاکٹرز ہی جمع ہوئے اورجناح اسپتال آڈیٹوریم کے سامنے حکومت پنجاب کے خلاف نعرے بازی کی۔ہڑتال غیر مؤثر ہونے کے باعث ینگ ڈاکٹرز نے آدھے گھنٹے بعد ہی احتجاج ختم کر کے او پی ڈیز میں جانے کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب جناح اسپتال کی جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کے پرامن احتجاج پر اسپتال انتظامیہ کو کوئی اعتراض نہیں، لیکن اگر اس کی آڑ میں مریضوں کو علاج فراہم کرنے سے انکار کیا گیا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔