29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
چھٹی مردم شماری کیلئے ملک بھر میں خانہ شماری کا آغاز
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے مختلف شہروں میں چھٹی مردم شماری کے لیے خانہ شماری کا آغاز ہوگیاہے جوکہ 19اپریل تک جاری رہے گا۔کراچی میں گورنر ہاؤس اور لاہور میں پنجاب اسمبلی کی عمارت پر نمبر لگا کر خانہ شماری کا آغاز کیا گیا۔کراچی میں خانہ شماری2011 کا افتتاح ایڈمنسٹریٹر کراچی لالہفضل الرحمان نے گورنر ہاؤس پر نمبر لگاکر کیا، لاہور میں سیکرٹری بلدیات پنجاب خضرحیات گوندل نے پنجاب اسمبلی کی عمارت پر نمبرلگاکرخانہ شماری کاآغاز کیا۔ کوئٹہ میں بھی پہلے مرحلے میں خانہ شماری کی جائے گی، بلوچستان میں خانہ و مردم شماری میں 10ہزار7سوسے زائد افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے گا، خیبر پختون خوا میں بھی چھٹی خانہ شماری کاآغاز ہو گیاہے ،ڈی سی مردم شماری خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں خانہ شماری اور مردم شماری کے لیے10 ہزار 185 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں،قبائلی علاقوں کی ساتوں ایجنسیوں میں بھی خانہ شماری شروع کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مردم شماری روخان اللہ نے جیو نیوز کو بتا یا کہ پہلے مرحلے میں تمام مکانات اور گھرانوں کی تفصیلات کا اندراج کیا جا ئے گا ، صوبے میں خانہ شماری کے لئے دس ہزار سے زیادہ اہل کار تعینات کئے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر مردم شماری کے مطابق خیبر پختون خوا کے علاوہ قبائلی ایجنسیوں میں بھی خانہ شماری شروع کی جا رہی ہے۔