29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کا اعلان کل تک موخر
جنگ نیوز -
لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم منتخب نہ کر سکی،اجلاس کل دوبارہ ہو گا،البتہ دورہ کے لیے انتخاب عالم کو منیجر اور وقار یونس کو کوچ برقرار رکھا گیاہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سلیکشن کمیٹی کا اجلاس چیف سلیکٹر محسن حسن خان کی زیر صدارت ہوا جس میں سلیکٹر محمد الیاس، اظہر خان، فرخ زمان آصف بلوچ اور کپتان شاہد آفریدی بھی شریک تھے ،اجلاس میں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دی گئی ،لیکن نامعلوم وجوہات کے بنا پر اعلان کو ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمر گل ،عبدالرزاق،یونس خان،احمد شہزاد اور کامران اکمل دورہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل نہیں جبکہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد سلمان کو سونپے جانے کا امکان ہے، اوپنرز میں توفیق عمر اورعمران فرحت سمیت کئی ناموں پر غور کیا جا رہا ہے،لیکن اتفاق نہیں ہو سکا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق دورہ کے لیے انتخاب عالم منیجر وقار یونس کوچ،عاقب جاوید بولنگ کوچ،شاہد اسلم اسسٹنٹ منیجر،صبور احمد ٹرینز،فیصل حیان فیزیو اور ملنگ علی مساجر ہوں گے۔