29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
چینی کمپنی کی 8920میگا واٹ کے پن بجلی کے منصوبوں میں دلچسپی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چائنا تھری گورجز کارپوریشن نے پاکستان میں کوہالہ بنجی اور کروٹ کے مقامات پر آٹھ ہزار نو سو بیس میگاواٹ کے پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چائنا تھری گورجز کارپوریشن کے چیئرمین کاؤ گاجنگ نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں پانی و بجلی کے وزیر سید نوید قمر سے ملاقات کی۔ وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جاری کیئے گئے اعلامیئے کے مطابق چائنا تھری گورجز کارپوریشن کے چیئرمین نے کوہالہ کے مقام پرگیارہ سو میگاواٹ، بنجی کے مقام پر 7ہزارایک سو میگاواٹ اور کرو ٹ کے مقام پر720میگاواٹ کے پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اعلامیے کے مطابق کمپنی سندھ میں جھمپر کے مقام پر50 میگا واٹ کا ونڈ انرجی کا منصوبہ اگلے سال تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چینی کمپنی کی طرف سے پنجاب میں 2000 میگا واٹ کا ونڈ انرجی اورسندھ میں تین سو میگا واٹ کا سولر انرجی کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیر پانی و بجلی کی طرف سے کمپنی کو پاکستان میں بھاشا ڈیم اور تھرکول پاور میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی گئی۔