29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا: فوج نے مخالفین کوپسپا کرکے البریقہ پردوبارہ قبضہ کرلیا
جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا میں سرکاری فوج نے مخالفین کوپسپا کرکے البریقہ پردوبارہ قبضہ کرلیا۔ جبکہ قذافی حکومت کے مخالفین نے نیٹوکو سست کارروائی پرتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی آپریشن میں کئی شہری بھی مارے گئے ہیں جبکہ نیٹوکا کہنا ہے کہ لیبیا کی سرکاری فوج کی تیس فی صد قوت تباہ کردی ہے۔یمن میں صدرصالح کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔لیبیا نے عبدالعاطی العبیدی کو نیا وزیرخارجہ مقرر کردیا جبکہ نائب وزیرخارجہ خالدقائم نے طرابلس میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مخالفین ہتھیارپھینک دیں تو قذافی ان کے ساتھ سیاسی اصلاحات پرمذاکرات کرسکتے ہیں۔سرکاری فوج نے شدید گولا باری کرکے البریقہ پر دوبارہ قبضہ کرلیاہے۔ جبکہ قذافی حکومت کے مخالفین نے نیٹو کی سست کارروائی کوشدید تنقید کانشانہ بنایا ہے۔بن غازی میں مخالفین کی فورسز کے سربراہ عبدالفاتح نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نیٹوکے طیارے رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کررہے ہیں ۔مصراتہ میں قذافی کی فورسزکے حملے میں دوافراد اور نیٹو کی کارروائی میں کئی شہری جاں بحق ہوئے ۔ان کاکہنا تھا کہ اگرنیٹوٹھیک طرح سے فضائی آپریشن نہیں کرے گی تووہ سلامتی کونسل سے درخواست کریں گے کہ نیٹوآپریشن معطل کردیا جائے۔ادھر برسلز میں نیٹو ہیڈ کوارٹر میں نیوزبریفنگ میں نیٹوحکا م نے اعلان کیا ہے کہ عالمی فضائی آپریشن کے دوران اب تک لیبیا کی سرکاری افواج کی 30 فی صد قوت کو تباہ کیا جاچکا ہے۔دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا میں صدرصالح کے خلاف مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپ میں تین افرادہلاک اورپندرہ زخمی ہوگئے۔ امریکا نے یمن میں مظاہرین پر کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی ہے۔ورجینیامیں پینٹاگان کے پریس سیکریٹری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا یمن میں جلد ازجل حکومت کی تبدیلی کے لیے مذاکرات شروع کرنے پرزوردے رہاہے۔