29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی ڈیلس میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی
جنگ نیوز -
ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی ڈیلس میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی
ڈیلاس… پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی ڈیلس میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی نارتھ ٹیکساس کی جانب سے برسی کا پروگرام ڈیلس ٹیکساس کے شہر ارونگ کی قرنی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان پیپلزپارٹی نارتھ ٹیکساس کے صدر راجہ زاہدخان زادہ نے کی۔ برسی کے موقع پر تلاوت کلام پاک کے بعد شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر پی پی پی نارتھ ٹیکساس کے صدر راجہ زاہداختر خان زادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو کی خدمات کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے عام اور غریب عوام کو سیاسی شعور دیا۔ سینئر نائب صدر سید فیاض حسن نے خطاب کرتے ہوئے شہید بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال کا ان کا دور اقتدار کارناموں کی ایک لمبی فہرست فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر پی پی پی نارتھ ٹیکساس کے جنرل سیکریٹری عکرمہ خان نے کہا کہ بھٹو شہید صرف پاکستان کے ہی نہیں، مسلم دنیا کے لیڈر تھے جنہوں نے عرب ممالک کے سربراہوں کو بھی سیاسی شعوردیا۔بھٹو شہید کرشماتی شخصیت تھے اور ان جیسا لیڈر اب تک پاکستانی قوم کو نہیں مل سکا۔ معروف شاعر یونس اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 کی دہائی میں جب پاسپورٹ بننا ایک بڑا مسئلہ تھا اس وقت بھٹو شہید نے اس کو اتنا آسان کردیا کہ ہر شخص پاسپورٹ باآسانی حاصل کرسکتا تھا یہی وجہ تھی کہ 70 کی دہائی میں لاکھوں پاکستانی بیرون ملک گئے اور انہوں نے ملک کو بڑی تعداد میں زرمبادلہ بھیجا۔ انہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ برسی میں ڈیلس کی دیگر مقتدر شخصیات جس میں معروف شاعر نور امروہوی بھی شامل تھے، تقریب کے آخر میں مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے چیئرمین آفتاب صدیقی کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور مقتدر شخصیات کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔