29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
معروف محقق اورادیب ڈاکٹرنبی بخش بلوچ انتقال کرگئے
جنگ نیوز -
کراچی … معروف محقق اور ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ دل کا دورہ پڑنے سے حیدرآباد میں انتقال کر گئے ۔ان کی عمر94 برس تھی ۔ڈاکٹرنبی بخش بلوچ16 دسمبر1917 کو ضلع سانگھڑ کے تعلقہ سنجھورو کے گاؤں جعفرخان لغاری میں پیدا ہوئے، انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے ابائی علاقے میں حاصل کی۔ بی اے جونا گڑھ کالج ۔ممبئی یونیورسٹی سے فرسٹ کلاس میں ایم اے عربی اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم ایل بی کی ڈگری لی۔ ڈاکٹرنبی بخش بلوچ نے کولمبیا یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔انھیں تحقیقی کاموں کے باعث ہلال امتیاز سے نوازا گیا ۔انھوں نے شاہ جو رسالو پر تحقیق کے علاوہ مختلف زبانوں میں کئی کتب بھی لکھیں، سندھی لغت کی ترتیب ان کابڑاکارنامہ ہے۔ ڈاکٹر نبی بخش بلوچ سندھ یونیورسٹی میں وائس چانسلراور سندھی لینگویج اتھارٹی کے چیئرمین سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر فائزرہے۔ ڈاکٹرنبی بخش بلوچ کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے کے باعث لطیف آباد حیدرآباد کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور94 ویں برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم نے سوگواران میں5 بیتے اور تین بیٹیاں سو گوار چھوڑی ہیں۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جا نب سے ان کے انتقال پر افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔