29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کا اعلان، کامران، یونس اورعبدالرزاق کی چھٹی
جنگ نیوز -
لاہور… ویسٹ انڈین ٹور کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان ہو گیا، ورلڈ کپ اسکواڈ کے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ دورہ ویسٹ انڈیزمیں ون ڈے اور ٹی 20 میچز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ۔آل راؤنڈر عبدالرزاق، وکٹ کیپر کامران اکمل اور یونس خان اسکواڈ کا حصہ نہیں، تو عمر گل نے ذاتی وجوہات کی بنا پر معذرت کرلی ہے۔کپتان شاہد آفریدی کی زیر قیادت سولہ رکنی اسکواڈ میں تین کھلاڑی بیٹسمین عثمان صلاح الدین ،فاسٹ بولراعزاز چیمہ اوروکٹ کیپر محمد سلمان پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ میں شامل جنید خان اور آل راؤنڈر حماد اعظم بھی خوش قسمت کھلاڑیوں میں شامل ہوئے ہیں۔اسکواڈ میں اکمل برادران میں سے صرف عمر اکمل ہی برقرار رہ سکے ہیں۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کی ذمہ داری فیصل آباد کے محمد سلمان کو سونپ دی گئی ہے، ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ شاہد آفریدی کپتان، محمد حفیظ، احمد شہزاد، توفیق عمر، عثمان صلاح الدین، مصباح الحق، اسد شفیق ،عمر اکمل، عبد الرحمن ، سعید اجمل ، وہاب ریاض ، تنویر احمد ، جنید خان ، حماد اعظم ، اعزاز چیمہ اور محمد سلمان پر مشتمل ہے۔