29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سستے داموں خریداگیا دودھ، کراچی میں 3 گنا زائدمنافع پرفروخت
جنگ نیوز -
کراچی …ضلع بدین سمیت زیریں سندھ کے دیگر علاقوں سے دودھ کے تاجر سستے داموں دودھ خرید کرتین گنا سے زائد منافع پر کراچی میں فروخت کر رہے ہیں، یہاں سے یومیہ تین ہزارلیٹرسے زائد دودھ کراچی جاتا ہے۔کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے بعد ضلع بدین سمیت ذیلی سندھ کے تمام دیہی اور شہری علاقوں سے دودھ بڑے پیمانے پرکراچی لے جانے کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔ دیہاتیوں کے مطابق دودھ کے تاجر ان سے20 روپے لیٹر دودھ خرید کر کراچی میں تین گنا منافع پرفروخت کررہے ہیں۔دودھ کی خریداری رات کے پچھلے پہر سے شروع ہوکر صبح صادق تک جاری رہتی ہے۔ اہم چوراہوں اورشاہراؤں پر بھی دودھ کی خریداری و فروخت ہوتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ضلع بدین کی یونین کونسل احمد راجو سے یومیہ130 من ، گولارچی سے140 ، کھوراں سے90 اور ڈبی سے110 من دودھ خریدا جاتا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر ساحلی پٹی سے تین ہزار چھ سو من دودھ20 روپے فی لیٹر تک خریدا جارہا ہے۔