29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھارت کوچینی اور پاکستانی افواج سے خطرات لاحق ہیں،بھارتی جنرل
جنگ نیوز -
جموں … پاک چین دوستی بھارت سے کبھی ہضم نہیں ہوئی۔اب بھارتی فوج کے جنرل نے نیا بیان داغ دیا ہے کہ بھارت کوچینی اور پاکستانی افواج کی جانب سے کافی خطرات ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل کے ٹی پر نائک نے جموں میں ایک سیمینار کے دوران کہا کہ بھارت کو صرف لائن آف ایکچوئل کنٹرولLAC پرموجود چینی افواج سے ہی خطرات نہیں بلکہ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی اشتراک سے لائن آف کنٹرول LoC پر پاکستان سے بھی خدشات بڑھ سکتے ہیں۔بھارتی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے جب بھارتی فوج کے اعلیٰ کمانڈر نے عوامی سطح پر ایسے خدشات ظاہرکئے ہیں۔جنرل پرنائک کے مطابق بھارت کو فوجی چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ پڑوسی ہونے کے ساتھ دونوں ممالک لائن آف کنٹرول پر بھی موجود ہیں اس لئے لوگوں کو اس بات کی کھوج بھی ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں چین کا کیا کردار ہے۔