29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیو ایم کو شدید مالی مشکلات ، عوام معاونت کریں الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدا لطاف حسین نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز ، حق پرست عوام بالخصوص مخیرحضرات سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ کے کرائے میں بطور عطیہ کمی کریں ، ایم کیو ایم کی بھرپور مالی معاونت کریں اور اپنے عطیات ایم کیو ایم میں جمع کرائیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کے حقوق کی جدوجہد، حق پرستانہ پیغام کو ملک بھر میں پھیلانے اور ملک کو بدعنوان سیاستدانوں سے نجات دلانے کیلئے ایم کیو ایم 10اپریل 2011ء کو زندہ دلان لاہور کے شہر میں عظیم الشان ” استحکام پاکستان “ جلسہ منعقد کررہی ہے اور پنجاب بھر کے عوام اس جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر ایم کیو ایم کے جلسہ عام کے حوالے سے زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے اور جلسہ عام میں شرکت کیلئے ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں عوامی مطالبات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جسے پورا کرنے میں ایم کیو ایم جیسی غریب جماعت کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جاگیرداروں اور وڈیروں کی نہیں بلکہ غریب و متوسط طبقہ کی جماعت ہے اور ایم کیو ایم کے تمام اخراجات عوامی عطیات سے پورے کئے جاتے ہیں۔ الطاف حسین نے صوبہ پنجاب کے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ 10/ اپریل 2011کو ٹرانسپورٹ کے کرائے میں بطور عطیہ کمی کریں تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کرسکیں ۔ انھوں نے تاجروں ، صنعتکاروں اور اہل ثروت حضرات سے پر زور اپیل کی کہ وہ ایم کیو ایم کی بھرپور مالی معاونت کریں ۔ اپنے عطیات ایم کیو ایم پنجاب ہاوٴس لاہور یا مقامی زونل دفاتر میں جمع کرائیں ۔مزید معلومات کیلئے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد کے فون نمبرز: 021-36313690اور 021-3629900پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر،سندھی لینگویج اتھارٹی کے سابق چیئرمین ، معروف محقق اور ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ڈاکٹر نبی بخش بلوچ کے انتقال سے سندھی ادب میں جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ طویل عرصہ تک پر نہیں ہوسکتا ۔انھوں نے مرحوم کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر نبی بخش بلوچ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کر نے کا حوصلہ عطا فرمائے(آمین)