تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

شہیدبھٹو پھانسی ریفرنس داخل کرناپیپلز پارٹی کا حق ہے،نعیم آرائیں

جنگ نیوز -
ٹوکیو…شہید بھٹو کوتاریخ میں بری کرنا آج کی عدلیہ کا امتحان ہے،صدر آصف علی زرداری نے شہید ذو الفقار علی بھٹو کی پھانسی کے ریفرنس کو سپریم کورٹ بھجوا کر عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ان خیالات کا اظہارپی پی پی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں نے شہید ذو الفقار علی بھٹو کے 32 ویں یوم شہادت کے موقع پر پیپلز پارٹی جاپان کے زیر اہتمام منعقدہ برسی کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شہید قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدبھٹونے عوام کی خاطر زندگی کی بھیک مانگنے کی بجائے موت کو گلے لگایا تھااور ذلت کی زندگی کی بجائے عزت کی موت کو گلے لگایا ۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آج کی آزاد عدلیہ جسے ہماری حکومت نے بحال کیا اپنے ادارے پر لگے داغ کو صاف کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی قبرکے ٹرائل کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ نعیم الغنی آرائیں نے جاپان میں حالیہ قدرتی آفات کے حوالے سے کہا کہ پی پی پی جاپان یہاں کے عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ہم اپنے قائد صدر آصف علی زرداری کی ہدایات کی روشنی میں متاثرین کے لئے دل وجان سے مدد کی ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک یہاں حالات نارمل نہیں ہوجاتے۔سینئر نائب صدر رانا عامر نے کہا کہ 4/ اپریل 1979ء سیاہ ترین دن ہے ،لیکن ہمارے قائد نے حق و صداقت کی خاطر ایک آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا، ہم انکی اس عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ جنرل سیکرٹری ابراہیم خان نے بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو دیگر اسلامی ممالک میں بھی اتنے ہی ہر دلعزیز تھے جتنے پاکستان میں ۔فلسطین اور کشمیر کے حریت پسند اُن پر فخر کرتے تھے، نائب صدر مرزا خلیل بیگ نے شہیدبھٹو سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے لئے دی گئی انکی قربانیوں کا ذکر کیا ۔تقریب کا آغاز محمد انیس کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض نائب صدر مرزا خلیل بیگ نے انجام دئے۔بعد ازاں شہید ذو الفقار علی بھٹو اورشہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت تمام شہدائے جمہوریت کے بلند درجات کے لئے دعاکی گئی۔ اس سادہ مگر پُروقار اور عقیدت سے بھرپور تقریب میں پی پی پی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں سمیت،سینئر نائب صدر رانا عامر،نائب صدور مرزا خلیل بیگ،عبد الاحد بٹ،ملک وسیم،جنرل سیکرٹری حاجی ابراہیم خان،محمد ادریس،چوہدری نوید کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.