تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

تاجروں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں لوٹ مار اور دکانداروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ چھوٹے تاجروں کو جرائم پیشہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب چھوٹے تاجر اور دکاندار بھتہ مافیا اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ہڑتال کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت ، چھوٹے تاجروں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے باعث گینگ وار کے دہشت گردوں کے حوصلہ بلند ہورہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چند ماہ قبل لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے بھتہ نہ دینے پر شیرشاہ کباڑی مارکیٹ کے متعدد تاجروں اور دکانداروں کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید وزخمی کردیا تھا اور بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ آج بھی لیاری گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں نے شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں کھلے عام لوٹ امر کی ،چھوٹے تاجروں اور دکانداروں سے بھتہ کا مطالبہ کیا اور بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جس کے باعث چھوٹے تاجروں اور دکانداروں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ لیاری گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں لوٹ مار اور دکانداروں کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، تاجروں اور دکانداروں کو جان و مال کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی صوبائی تنظیمی کمیٹی کے رکن افتخار علی ، حق پرست صوبائی وزیر برائے اوقاف عبدا لحسیب ، حق پرست رکن قومی اسمبلی ندیم احسان اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبد المعید فاروقی نے گزشتہ روز ”داتا دربار “ لاہور پر حاضری دی اور زائرین میں لنگر تقسیم کیا ۔ اس موقع پر لاہور زونل کمیٹی کے رکن و ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی لاہور کے نگراں ڈاکٹر عبد الغفار اور لاہور ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ ایم کیوایم کے وفد نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے داتا دربار پر چادر چڑھائی اور 10اپریل کو ہونے والے جلسہ عام اور استحکام پاکستان کی کیلئے دعا بھی کی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.