29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جیو سوپر کی بندش پر ملک کی ممتازشخصیات کا اظہار ناراضگی
جنگ نیوز -
کراچی… ملک بھر کی نامور شخصیات کھلاڑیوں اور عوام نے حکومت اور پیمرا کی جانب سے جیو سو پر کو نشریات بند کرنے کے حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے واحد اسپورٹس چینل کو بند کرنا جمہوریت کی نفی ہے ۔ جیو سوپر پر لگنے والی پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔ملک کی ممتاز شخصیات نے کہاکہ ملک کے واحد اسپورٹس چینل کی بندش نہ صرف سمجھ سے بالا تر ہے بلکہ جمہوری حکومت میں غیر جمہوری اقدام ہے ، سیاسی رہنماؤں نے کہاکہ حکومت کوفوری طور پر پابندی ختم کر کے جیو کی نشریات بحال کرنی چاہیے،مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی، جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان،جماعت اسلامی کے سینئر نائب صدر سینیٹر پروفیسر خورشید احمد، ایم کیو ایم کے رہنما سرفراز نواز ، فیصل سبزاری ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، سراج الحق، اے این پی کے سینیٹر زاہد خان ، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، سینیٹر کلثوم پروین سینیٹر ، مسلم لیگ ق کے رہنما ریاض پیر زادہ، خدائے نور خان ،عطا محمد کاکڑ سردار یعقوب ناصر اور صحافتی تنظیموں نے بھی حکومت کی جانب سے جیوسوپر کی بندش کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے ۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا عظیم نے جیوسوپر کی بندش کو کارکن صحافیوں کے معاشی قتل عام کے مترداف قرار دیا ہے ۔ پی یو جے کے جنرل سکریٹری وسیم فاروق نے کہا ہے کہ پنجاب یونین آف جرنلسٹ جیوسوپر کی بندش کے خلاف کل احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔