29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھارتی عوام سے نہیں میڈیا سے شکائیت ہے،شاہد آفریدی
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہیں بھارتی عوام سے نہیں بھارتی میڈیا سے شکایت ہے جو پاکستان سے متعلق ہمیشہ منفی پروپیگنڈا کرتا ہے،جیونیوز کے پروگرام لیکن میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بھارتی میڈیا کی سنسنی خیزی کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا ،ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل کے لئے پانچ چھ دن جو بھارت میں گزارے ہیں اس دوران بھارتی میڈیا کا رویہ انتہائی افسوسناک تھا،شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دونوں ممالک ملتے رہیں ہم یہاں امن کا چھکا لگا رہے ہیں،وہاں میڈیا تعلقات خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ شاہد آفریدی نے بھارتی عوام کو کرکٹ کریزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ویلکم کیا،خود کرکٹرز بھی بھارت میں بہت انجوائے کرتے ہیں ،کپتان نے مزید کہا کہ وہ ملک کے سفیر ہیں ، بحیثیت کرکٹر ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں ۔