29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
برطانوی افواج تیل کی تنصیبات پر حملے کررہی ہیں،لیبیا
جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا نے کہا ہے کہ برطانوی افواج لیبیا کی تیل کی تنصیبات پر حملے کررہی ہیں۔ امریکا نے قذافی کی جانب سے جنگ بندی کی پیش کش مسترد کردی۔ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے سعودی عرب کے شاہ عبداللہ سے ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات چیت کی ہے۔لیبیا کے نائب وزیر خارجہ خالد قائم نے کہا ہے کہ برطانوی افواج الصریر میں لیبیا کی تیل کے بڑے ذخیرے پر حملے کررہی ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں تین گارڈز اور منصوبے پر کام کرنے والے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور (valerie amos)نے مصراتہ میں زخمیوں کی دیکھ بھال اور لوگوں کی محفوظ منتقلی کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس کی سعودی عرب کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے۔ پینٹاگون کے حکام نے کہا ہے کہ گیٹس شاہ عبداللہ سے خطے میں امن و امان کے معاملات پر مذاکرات کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اطالوی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ امریکا معمر قذافی سے کیا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اپنے زیر قبضہ علاقوں سے فوجیں نکالیں ، اور جنگ بندی چاہتے ہیں تواقتدار چھوڑ دیں، ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ معمرقذافی کو اقتدار اور لیبیا کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔