29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بجٹ تجاویز پر سمجھوتہ نہ ہوسکا ،اوباما حکومت بند گلی میں
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا کے صدر بارک اوباما نے خبردار کیا ہے کہ اگر بجٹ پربحث یوں ہی جاری رہی تو حکومت بند گلی میں پہنچ جائے گی۔ اور اس سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔صدر اوباما نے پنسلوینیا میں ٹاون ہال میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز پر زور دیا کہ وہ بجٹ کے معاملے پر کسی سمجھوتے تک پہنچیں تاکہ ممکنہ شٹ ڈاون سے بچا جاسکے۔ کیونکہ اس سے عوام کونقصان ہوگا اور بحران کی شکار معیشت کو بحال کرنا دشوار ہو جائے گا۔ قانون کے مطابق بل پر اگر جمعہ کو بحث ہونی ہے،تو اسے بدھ کی شب تک عوام کے سامنے پیش کر دیا جانا چاہیے۔ دوسری صورت میں صدر اوباما ہنگامی حالات کے تحت قانون پرعمل سے گریز کر کے کچھ روز کے لیے عارضی بجٹ منظور کرسکتے ہیں۔ تاہم ایوان نمائندگان کے اسپیکرجان بینر نے صدر اوباما کے بیان پرشدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر بجٹ پر اختلافات کے معاملے میں بحثیت قائد ناکام ہو رہے ہیں اور ری پبلکنز کو ڈیموکریٹس کا کیا گیا بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ری پبلکنز بجٹ میں مزید کٹوتی چاہتے ہیں جسے وائٹ ہاوس مسترد کر چکا ہے۔