29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپان:ہائر ایجوکیشن کمیشن کا خاتمہ ملک کی بدنامی کا باعث ہے،ڈاکٹر خالد اعوان
جنگ نیوز -
ٹوکیو … عرفان صدیقی …پاکستان کے پی ایچ ڈیز ریسرچرز نے تحقیقی شعبے میں بہترین خدمات سے دنیا بھر میں اپنی قابلیت کا لوہامنوالیا ہے۔ یہ بات جاپان کی معروف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر موری نے ”جنگ“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جاپانی پروفیسر نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خدمات شاندار ہیں، تاہم دوسری جانب جاپان کی یونیورسٹیوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اسکالرز شپس پر پی ایچ ڈی کرنے والے ماہرین نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خاتمے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو صوبوں میں منتقل کرنے کی اطلاعات پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ختم کرکے ہزاروں ماہرین کی ملک میں واپسی کے راستے بند کردیئے ہیں ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر خالد اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کوششوں سے پاکستان میں ہزاروں پی ایچ ڈی تیار ہوئے جنہوں نے دنیا بھر میں اعلیٰ تحقیق کے شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا تاہم حکومت کے اس اقدام سے دنیابھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے ۔ڈاکٹر فاروق احمد نے مزیدکہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سیاست سے پاک رکھنا ضروری ہے اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بصورت دیگر نہ صرف بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستان واپس آنے سے گریز کریں گے بلکہ ملک میں موجود ماہرین بھی بیرون ملک منتقلہونے کو ترجیح دیں گے۔