تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

جاپانی ماہرین تابکار پانی سمندر میں گرنے سے روکنے میں کامیاب

جنگ نیوز -
ٹوکیو …عرفان صدیقی …جاپانی ماہرین فوکوشیما ایٹمی پلانٹ سے بہنے والا تابکار پانی سمندر میں گرنے سے روکنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،جبکہ پاور پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر ایک میں جاپانی ماہرین نے کسی بھی طرح کے دھماکے سے بچانے کیلئے نائٹروجن گیس داخل کی ہے،دوسری جانب جاپان کے صوبے ایباراکی کین کے ساحلی علاقوں میں مچھلیوں میں تابکاری کے اثرات پائے گئے ہیں جس کے بعد اباراکی کین کے سمندر ی علاقے سے حاصل ہونے والی مچھلیوں کی فروخت پر عارضی طور پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاپانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تابکار پانی کے سمندر میں اخراج سے متاثر ہونے والے ماہی گیروں کو جاپانی حکومت بھاری معاوضہ ادا کرے گی ،جبکہ جاپانی حکومت نے ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ نیوکلیئر پلانٹ کے تیس کلومیٹر اطراف سے خالی کرائے جانے والے علاقے کے مکینوں کو بھاری معاوضہ ادا کرے۔ دوسری جانب بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے پچیس ممالک نے تابکاری کے خطرے کے پیش نظر جاپان سے ہر طرح کی غذائی اجناس کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے ۔جاپانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ عالمی برادری کو ایٹمی بحرا ن کے حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کی رسائی کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنائے گی ۔جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے اور سونامی کے بعد غیر ملکی شہریوں کی جاپان میں آمد میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.