29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سینیٹ،لاپتہ افراد کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان
جنگ نیوز -
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ ملک میں لاپتہ افراد کی درست تعداد دو سو تین ہے جن میں سے 28 افراد کا پتا لگالیا گیاہے،چیئرمین سینیٹ نے لاپتہ افراد کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹ کے اجلاس میں ارکان کی جانب سے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا گیااور اس پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا،وفاقی وزیر اسراراللہ زہری کا کہنا تھا کہ ناراض بلوچوں سے بات چیت بھی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے کی جائے،وزیر داخلہ رحمان نے ایوان کو بتایا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا اس نے 2 سو 54 افراد کا پتا لگایا،اس معاملے پر سیکریٹری دفاع کی سربراہی میں بھی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر کیسز کا جائزہ لینے کے لئے ہائیکورٹ کے جسٹس فضل الرحمان کی سربراہی میں بھی کمیٹی بنائی گئی ہے۔