29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
افسوس ہے کہ وزارت مانگ کر کم قیمت لگائی گئی،ذوالفقار مرزا
جنگ نیوز -
کراچی…وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ وزارت مانگ کر کم قیمت لگائی گئی ہے ،میرا پی پی سے زندگی بھر کا معاہدہ ہے ۔ بزنس کمیونٹی قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائے کہ کراچی میں25 سال سے بھتہ، چندہ اور کھالیں کون لے رہا ہے۔ یہ بات انھوں نے کراچی کے علاقے ٹمبر مارکیٹ پرانا حاجی کیمپ پر پیپلز پارٹی کے دفتر میں ٹمبر مرچنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے لیاری ٹاون پولیس کے لئے2 جبکہ وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے3 موٹر سائکلیں دی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ لیاری کی عوام نے ہمیشہ بھتہ مافیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے جس پر انھیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ لیاری والوں نے ہمیشہ چندہ، اور بھتہ دیا ہے لینے والے کوئی اور ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ12 سال پاکستان میں روپوشی میں گزارے ہیں، بھاگنے والا نہیں ہوں اور کسی کے آنے اور جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ میرا پیپلزپارٹی سے زندگی بھر کا معاہدہ ہے، اور میں شہید محترمہ کی طرح شہادت چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ تین مہینے پہلے بھی بیٹی سے ملنے جانے کے لئے چھٹی کی درخواست کی تھی جو اب قبول ہو گئی ہے۔