29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
رکوڈک کے ذخائر میں زیادہ حق بلوچی عوام کا ہے،قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم نے کہا ہے کہ رکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر کا تخمینہ تین ہزار ارب ڈالر ہے جن پر سب سے زیادہ حق بلوچی عوام کا ہے اور بلوچستان کے وسائل کا اونے پونے داموں سودا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کااجلاس شیخ وقاص اکرم کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی کو رکوڈک منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا رکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر کا تخمینہ تین ہزار ارب ڈالر ہے جبکہ56سال میں حکومت کوصرف پانچ ارب ڈالر ملیں گے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک رکوڈک میں ٹی سی سی نے45 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔کمیٹی کو او جی ڈی سی ایل کے پیداواری منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ او جی ڈی سی ایل حکام نے بتایا کہ او جی ڈی سی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹر نعیم ملک نے کمیٹی کو بتایا کہ آئندہ ایک سال میں سسٹم میں یومیہ50 کروڑ مکعب فٹ گیس کا اضافہ کیا جائے گا۔