29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جیو کے رپورٹر ولی بابر کا قتل:پولیس نے 5ملزمان گرفتار کرلیے
جنگ نیوز -
کراچی …سی سی پی او کراچی سعود مرزا نے کہا ہے کہ جیو نیوز کے شہید رپورٹر ولی خان بابر کے قتل میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،قتل میں سترہ سے اٹھارہ ملزمان ملوث ہیں باقی کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، ملزمان سے تفیش شروع کردی گئی ہے،انھوں نے کہا کہ گرفتاری اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے ذریعے عمل میں آئی ہے ،فی الحال مزید تفصیلات نہیں بتاسکتے،ولی بابر کے قتل کی وجہ انکی جرات و بہادری تھی،وہ قبضہ مافیاکیخلاف رپورٹنگ کررہے تھے ،جمعرات کی شام میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کراچی پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملزمان کو گزشتہ شب گلشن اقبال کراچی سے گرفتار کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ قتل سے ایک روز قبل بھی ملزمان نے ولی بابر کا تعاقب کیا تھا، ملزمان کا ایک ساتھی ملک سے فرار ہوگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں شاہ رخ عرف مانی،نویدعرف پولکا،شکیل ملک،فیصل محمودعرف نفسیاتی اورسیدمحمدعلی رضوی شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ قتل کا ماسٹر مائنڈ فیصل بھٹہ ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کیس کی تحقیقات کرنے والے افسران حفاظت کا انتظام کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ ولی خان بابر کو جنوری کے وسط میں لیاقت آبادکے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔