29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھٹ گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت،دوران بندش بجلی کے بحران کا خدشہ
جنگ نیوز -
کراچی…بھٹ گیس فیلڈ پیر کے روز سے سالانہ مرمت کے لیے بند کی جارہی ہے، کے ای ایس سی کو گیس سپلائی میں 80 سے 100 ملین مکعب فٹ یومیہ کمی سے کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرسکتا ہے۔345 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کرنے والی بھٹ گیس فیلڈ پیر کے روز سے سالانہ مرمت کیلئے بند کی جارہی ہے،اور پہلے سے گیس فراہمی میں کمی کا شکار کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مقررہ ہدف میں بھی80 سے 100 ملین مکعب فٹ گیس کمی کا امکان ہے۔ فرنس آئل کے مقابلے گیس سے بجلی کا حصول سستا پڑتا ہے اور گیس کی عدم دستیابی سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے ہونے کا خدشہ ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی مینجنگ ڈائرایکٹرعظیم اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹ گیس فیلڈ پیر سے سالانہ مرمت کے لیے 21 سے 22 روز کے لیے بند کی جارہی ہے۔ تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی نے توانائی کے ممکنہ بحران کے پیش نظر بھٹ فیلڈ کو مرحلہ وار بند کرنے فیصلہ کیا ہے۔پہلے 5 دن فیلڈ سے صنعتوں اور صارفین کو 145 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کی جائیگی۔ 11 دن200 سے 250 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملے گی۔ اگلے 5 دن250 سے300 ایم ایم سی ایف ڈی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ اس دوران صنعتوں کو گیس فراہمی میں کمی کردی جائیگی، جبکہ گھریلو صارفین کوبھی گیس استعمال میں 20 فیصد تک کمی لانا ہوگی۔۔