29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈاکٹر عبدالحفیظ کے زیرصدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں زرعی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ اصلاح شدہ جنرل سیلز ٹیکس اور خدمات پر ٹیکس عائد کرنے کی حمایت بھی کی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ملتوی ہوگیا جبکہ اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے جس میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سابق وزیر صنعت جہانگیر ترین، گورنر اسٹیٹ بینک، ڈاکٹر حفیظ پاشا اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں زرعی آمدن پر ٹیکس اورحکومت کی کفایت شعاری مہم کے لیے تجاویز تیار کرکے وزیر اعظم کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقتصادی مشاورتی کونسل نے اصلاح شدہ سیلز ٹیکس اور خدمات پر ٹیکس عائد کرنے کی حمایت کی۔ کونسل کے ارکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ رواں مالی سال 1604 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا، حکومت کے حالیہ ٹیکس اقدامات نا کافی ہیں۔ آیندہ بجٹ میں ٹیکسوں سے آمدنی بڑھانے کے عارضی نہیں مستقل نوعیت کے اقدام کرنا ہوں گے۔ خسارے میں چلنے والی سرکاری کارپوریشنز کو ایک خود مختار ہولڈنگ کمپنی بنا کر اس کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔