29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیو ایم کے وفد کی پرویز الہٰی اور تاجر کے رہنماؤں سے ملاقات
جنگ نیوز -
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے ایک نمائندہ وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں جمعرات کے روز مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ (ق )پنجاب کے صوبائی صدر چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور انہیں قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے 10اپریل کو قذافی اسٹیڈیم روڈ پر ہونے والے ایم کیوایم کے ”جلسہ عام استحکام پاکستان “میں شرکت کی دعوت دی ۔ ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان افتخار اکبر رندھاوا ، رضا ہارون ، سیف یار خان ، وسیم آفتاب ، سینیٹر بابر خان غوری ، ایم کیوایم لاہور زون کے زونل انچارج سید شاہین انور گیلانی اور متحدہ شوسل فورم لاہور کے جوائنٹ انچارج مبین الد ین قاضی شامل تھے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر کامل علی آغا ، جنرل سیکریٹری پنجاب چوہدری ظہیر الدین ، مسلم لیگ ق کے رہنما اکرم چوہدری ، ڈاکٹر اے اکبر خالد ، رضوان ممتاز ، نومنتخب رکن قومی اسمبلی اویس لغاری کے علاوہ ارکان اسمبلی محترمہ ثمینہ خاور حیات اور محترمہ آمنہ الفت بھی موجود تھیں ۔ایم کیوایم کے وفد نے منتخب رکن قومی اسمبلی اویس لغاری کی کا میابی پر مسلم لیگی رہنماؤں کو مبارکبادپیش کی۔ ملاقات میں مردم شماری ، بلدیاتی االیکشن کے انعقاد ، کراچی میں بد امنی ، بھتہ خوری اور ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور اقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ بعدازاں میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم نے یہ دورہ جذبہ خیر سگالی کے تحت کیا ہے ، ہمارے درمیان بہت سارے ایشوز پر بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں آئینی و قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاکہ ہمیں یہ خوشی ہے کہ ایم کیوایم پنجاب میں فعال جماعت کے طور پر سامنے آرہی ہے اس عمل سے اتحادکی پالیسی کو تقویت ملے گی اور ایم کیوایم کو ہماری جانب سے پوری سپورٹ حاصل ہوگی ،مسلم لیگ ق کا نمائندہ وفد جلسہ عام میں شرکت کرے گا ۔ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق ستار نے جمعرات کے روز چیمبر آف کامرس لاہورکے سینئر نائب صدر شیخ ارشد اور ایگزیکیٹو کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی اور انہیں 10، اپریل کو ایم کیوایم کے تحت قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضا ہارون ، وسیم آفتاب ، سینیٹرز بابر خان غوری ، عبد الحسیب اور احمد علی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ڈاکٹر فاروق ستار نے شیخ ارشد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بزنس کمیونٹی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہے اور ان کو نمائندگی کا حق دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت تیزی سے تباہی کی جانب جارہی ہے اور اس کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ، کئی ممالک نے اپنی اقتصادی ترقی کا سفر تمام تر نامساعد حالات کے باوجود جاری رکھا ہوا ہے اور ہمیں بھی اس چیلنج کو قبول کرنا ہوگا ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔