29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ٹرانسپورٹ کے کرایہ میں 2روپے اضافہ عوام پر ظلم ہے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 2روپے فی سواری اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے غریب عوام پر سراسر ظلم قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ دنوں حکومت کی ایماء پر اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا اور تمام تر یقین دہانی کے باوجود اس اضافے کو واپس نہیں لیا گیا ہے جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 2روپے اضافہ کردیا گیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سے ملک کے غریب و متوسط طبقے کے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ بڑھے گا ۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور غریب عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائی جائے ۔دریں اثناء حق پرست سینیٹر بابر خان غوری نے کہاہے کہ ایم کیوایم ملک میں جاگیر دارانہ ،وڈیرانہ نظام کا خاتمہ کرکے ملک میں غریب و مظلوم عوام کی حکمرانی قائم کرے گی،ملک کی موجود صورتحال انتہائی ناگزیر ہوچکی ہے ،ملکی بقاء و سلامتی کیلئے ایم کیوایم اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے جس کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتو ں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملکر باہمی اتحاد کا مظاہر ہ کرنا ہوگا ۔وہ لاہور ڈسٹر کٹ میں واقع شالیمار ٹاؤن یونین کونسل 22 میں جلسہ استحکام پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ایم کیوایم لاہور ڈسٹرکٹ ،تحصیل کے ذمہ داران کے علاوہ خواتین ، بزرگ ، مرد ، نوجوانوں اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد موجودتھی ۔ کار نر میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے بابر خان غوری نے کہاکہ ایم کیوایم تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائند ہ جماعت ہے جو ان افراد کو برابری کی بنیاد پر ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔۔انہوں نے کہاکہ 10اپریل کو لاہور قذافی اسٹیڈیم پر ہونیوالا جلسہ ”استحکام پاکستان “ ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور ملک میں امن و استحکام کے پیغام کو مزید فروغ دے گا ۔انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء کو 10اپریل اتوارکے روزہونیوالے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی ۔