29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکی بجٹ کا معاملہ،اوباماانتظامیہ اور ریپبلکن پارٹی میں مذاکرات ناکام
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکا میں بجٹ کے معاملے پر وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان ہونے والے مذاکرات چوتھی بار بھی ناکام ہوگئے جس کے بعد سرکاری اداروں کی بندش اور ملازمین کی تنخواہیں رکنے کا خدشہ بڑھ گیاہے۔امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ اور ری پبلکن اراکین کئی ماہ سے بجٹ پر موجود اختلافات ختم کرنے کی کوشش میں ہیں لیکن اس بار بھی انہیں کامیابی نہیں ہوئی۔صدر براک اوباما کی جانب سے کانگریس کے اہم رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے اجلاس کا مقصدستمبر میں ختم ہونے والے رواں مالی سال کے بقایا دنوں کے لئے انتظامیہ کو فنڈز کی فراہمی پر تعطل دور کرنا تھالیکن دونوں جانب سے اس معاملے میں اختلافات دور کرنے میں ناکامی ہوئی۔ جس کے بعد سرکاری اداروں کونہ صرف فنڈز کی فراہمی رکنے کا امکان بڑھ گیا ہے بلکہ اس طرح سرکاری ایجنسیز اور سرکاری اداروں میں بھی کام بند ہوجائے گا۔اور صرف ایمرجنسی میں کام کرنے والے اداروں کے لئے کام جاری رکھنا ممکن ہوگا۔ری پبلکنز کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری اداروں کو بند کرانا نہیں چاہتے لیکن قدامت پسند ٹی پارٹی نے ری پبلکنز پر دباؤ ڈالا ہوا ہے کہ وہ اوباما انتظامیہ کو مالی خسارے پر قابو پانے کے لئے اخراجات میں کم از کم اکسٹھ ارب ڈالرز کی کٹوتی کرانے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔