29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
دہشتگردی سے نمٹے بغیر سرمایہ کاری نہیں آسکتی،شہباز شریف
جنگ نیوز -
لاہور...وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں جب تک اجتماعی طور پر اس عفریت سے نہیں نمٹیں گے ملک میں با مقصد سرمایہ کاری نہیں ہو سکتی۔وہ ایکسپو سنٹر لاہور میں لاہور چیمبر کے زیر اہتمام ایکسپو پنجاب دو ہزار گیارہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمیونزم کے خلاف پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر لڑا جس کے بعد ملک میں دہشت گردی، کلاشنکوف اور ہیروئن کا کلچر شروع ہو گیا۔ پرویز مشرف حکومت نے نائن الیون کے بعد یو ٹرن لے لیا اور جہادیوں کو راتوں رات دہشت گرد بنا دیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے ، اسے مذہبی انتہا پسندی کے خلاف بھی لڑنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لائیواسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں وسائل خرچ کئے جائیں تو معیشت پاؤں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔