29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اکیاسی فیصد پاکستانی گلے کے کینسر اور اس کی وجوہات سے آگاہ
جنگ نیوز -
کراچی...گیلپ پاکستان کے ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ اکیاسی فیصد پاکستانی گلے کے کینسر سے آگاہ ہیں ۔ اکثریت کا خیال ہے کہ اِس کا سب سے بڑا سبب سگریٹ ، پان اور چھالیہ کا استعمال ہے ۔ یہ سروے چاروں صوبوں کے شہری و دیہی علاقوں میں کیا گیا ۔ اس دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دو ہزار سات سو اٹھارہ افراد سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں گلے کے کینسر کے بارے میں معلوم ہے ۔ اس کے جواب میں اکیاسی فیصد افراد نے کہا کہ وہ گلے کے کینسر سے آگاہ ہیں ۔ گیارہ فیصد لوگوں نے اس سے لاعلمی ظاہر کی اور آٹھ فیصد افراد نے جواب دینے سے گریز کیا ۔ ڈیٹا کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ جن لوگوں کی آمدنی زیادہ ہے ان میں گلے کے کینسر سے آگاہی کی شرح بھی زیادہ ہے ۔ سروے میں لوگوں سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ آپ کے خیال میں گلے کے کینسر کی وجہ کیا ہے ۔ اس کے جواب میں بانوے فیصد افراد نے کہا کہ سگریٹ نوشی گلے کے کینسر کا سبب ہے ۔ پچاسی فیصد نے پان اور اکیاسی فیصد افراد نے چھالیہ کو گلے کے کینسر کی وجہ قرار دیا ۔