29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کرپشن کے خاتمے کیلئے پنجاب کے عوام کو آگے آنا ہو گا، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن....ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کے اگر پاکستان کو کرپشن اور لوٹ مار سے پاک کرنا ہے تو پنجاب کے عوام خصوصاًنو جوانوں اور طلبہ کو آگے آنا ہو گا اورجس دن پنجاب جاگ جائے گا اس دن پاکستان جاگ جائے گا۔پنجاب ہاؤس پر ایم کیو ایم لاہور زون کی زونل کمیٹی ، صوبائی تنظیمی کمیٹی، اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست ارکان اسمبلی اور نوجوانوں سے فون پر گفتگو میں الطاف حسین نے کہا کہ جس دن پنجاب کے حق پرست عوام اٹھ کھڑے ہوں گے اس دن پاکستان مثبت انداز میں آگے بڑھنا شروع ہو جائے گا۔الطاف حسین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پنجاب کے نوجوان دس اپریل کے جلسہ عام کو پنجاب کی تاریخ میں سب سے بڑا جلسہ عام بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں کے۔الطاف حسین کا یہ بھی کہنا تھا کے بعض متعصب عناصرایم یا ایم کے خلاف الزام تراشیاں کر ہے ہیں لیکن اب پنجاب کے عوام ایم کیو ایم کی جدوجہد اور قربانیاں دیکھ کر اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کے ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹ ہیں۔انہوں نے زوردے کر کہا کہ اگرایم کیو ایم کی حکومت آئیتو بھٹہ کے مزدوروں کو زنجیروں میں قیدکر کے رکھنے والوں کو زنجیروں میں باندھا جائے گا اور خواتین کو مظالم کا نشانہ بنانے والوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں گی۔اس کے علاوہ کرپنشن، دھوکے بازی، بے ایمانی، چوربازاری اسٹریٹ کرائمز اورظلم اور جبروستم کا بھی خاتمہ ہو گا۔