29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
تربیلہ ڈیم، پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول پر،بجلی کی پیداوار میں کمی کا خدشہ
جنگ نیوز -
پشاور…ملک کے سب سے بڑے آبی ذخیرے تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچنے کے بعد تربیلہ سے بجلی کی پیداوار بھی 540 میگاواٹ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔واپڈا ذرائع نے جیو نیوز کے نمائندے جاوید اقبال کو بتایا کہ تربیلہ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول تک پہنچ گیا ہے اب ڈیم میں صرف 1378 فٹ پانی رہ گیا ہے اور ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے اب ڈیم میں جتنا پانی داخل ہوتا ہے اتنا ہی خارج ہوتا ہے ۔ واپڈا ذرائع نے بتایا کہ پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچنے کے بعد تربیلہ سے بجلی کی پیداوار بھی 540 میگاواٹ رہ گئی ہے جبکہ تربیلہ میں بجلی پیدا کرنے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 3478 میگاواٹ ہوتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تربیلہ میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول اور بجلی کی پیداوار کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگا۔