29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب کے عوام ایم کیو ایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے پنجاب کے عوام سے اپیل کی ہے کہ لاہور میں کل ایم کیو ایم کے جلسے میں بھر پور شرکت کر کے ثابت کردیں کہ وہ پاکستان میں 63 برسوں سے قائم اسٹیٹس کوختم کرنا چاہتے ہیں ۔ پنجاب کے عوام کے نام خصوصی وڈیو پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں موروثی سیاسی کلچر کی وجہ سے ہمیشہ کچھ خاندانوں کے افراد ہی اقتدار میں آ تے ہیں ۔ پاکستان چند خاندانوں کا نہیں بلکہ 18 کروڑ عوام کا ہے ۔ پنجاب کے لوگ بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کرکے اپنے اتحاد سے ثابت کردیں کہ وہ ملک سے موروثی سیاست ، کرپشن ، چوربازاری ، مہنگائی ، غربت و بے روزگاری کا خاتمہ اورامن وسکون کی زندگی چاہتے ہیں۔ الطاف حسین نے پنجاب کے عوام سے کہا کہ ایم کیوایم کے لئے نہیں پاکستان کے لئے ان کا ساتھ دیں ۔ ان کی جدوجہد اور خواہش یہی ہے کہ پاکستان کوبچالیں اورملک میں ایسا نظام قائم کریں جس میں غربت اور بے روزگاری نہ ہو، کوئی بھوکانہ رہے، قانون سب کے لئے برابرہو اور انصاف سب کو میسرآئے ۔ الطاف حسین نے پنجاب کے نوجوانوں بالخصوص طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی و استحکام کی جدوجہد میں ایم کیوایم کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ انہوں نے پنجاب کی خواتین بالخصوص طالبات سے بھی کہا کہ وہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام اورکرپشن کے خاتمے کیلئے ایم کیوایم کی جدوجہد میں شامل ہوں۔