29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں،سعود عزیز کی درخواست
جنگ نیوز -
راولپنڈی…سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی بدستور تعمیل نہیں ہوسکی ہے ، مقدمہ کے ملزم ایک سینیئر پولیس آفسیر کے وکیل نے پرویزمشرف کے ریڈوارنٹ جاری کرائے جانے کی استدعا کی ہے ۔ راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا نثار نے اڈیالہ جیل جاکر بے نظیر قتل کیس کا ٹرائل کیا، قتل کیس کی مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جاویدضیا نے پرویز مشرف کے وارنٹ پر تعمیل سے متعلق رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ابھی برطانوی محکمہ داخلہ کی طرف سے تعمیل کرائے جانے کا عمل جاری ہے ، مقدمہ کے ملزم سابق سی سی پی او راول پنڈی سعود عزیز کے وکیل، وحید انجم نے کہا کہ پرویزمشرف برطانیہ میں عیش کررہا ہے، اس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے وارنٹ جاری کرائے جانے چاہیئں، بعد میں مقدمہ کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی گئی، اس عدالت نے ممبئی حملہ کیس کی بھی سماعت کی، گرفتار ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکلان کا کیس، بھارت میں قید اجمل قصاب سے الگ کیا جائے، اس مقدمہ کی مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔