29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈگری کیسز میں کوئی رکن پارلیمنٹ پیش نہیں ہوتا، چیف الیکشن کمشنر
جنگ نیوز -
اسلام آباد … چیف الیکشن کمشنر جسٹس )ر(حامد علی مرزا نے جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ میڈیا شورمچاتا ہے ، جعلی ڈگری کیسز میں سپریم کورٹ کا حکم نہیں مانا جارہا لیکن ہم کیا کریں ،کوئی پارلیمینٹرین پیش نہیں ہوتا اور ہمیں مجبور کر دیا جاتا ہے کہ جعلی ڈگری کے کیسز درج کرائیں۔الیکشن کمیشن میں جعلی ڈگری کیسز کی سماعت کی گئی ۔ بلوچستان کے وزیر محمد خان طور کے وکیل نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سماعت سے پہلے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ضروری ہے ۔جعلی ڈگری کیس میں میر نادرمگسی، اسراراللہ زہری کئی بار بلانے پر بھی پیش نہیں ہوئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے انہیں دوبارہ نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ محمد خان طور، سیمل کامران، کے خلاف سماعت 14 مئی تک ،عبدالصمد اخونزادہ کے کیس کی سماعت 14 اپریل تک ،قومی اسمبلی کی اقلیتی نشست کے تنازع پر ریفرنس کی سماعت23 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ شہباز بھٹی کے قتل سے خالی ہونے ولی نشست کے لیے مائیکل جاوید نے ریفرنس دائر کررکھا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں یونی فکیشن بلاک کے 9ارکان کے خلاف مسلم لیگ ق کے ریفرنس پر بھی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کی گئی ہے۔