تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

قانون پر عمل نہ ہوتو پارلیمنٹ ،انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرے، چیف جسٹس

جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیف جسٹس آف پاکستان ، جسٹس افتخار چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے جیسے سیاسی نظام میں جب انتظامیہ قانون پر عمل نہ کرے تو پھر عدالتی فیصلوں پر عوامی حمایت لازمی جزو بن جاتا ہے اور اگر عوام کو اداروں پر اعتماد نہ ہو تو وہ مسائل کے حل کی خاطر مختلف طریقے اپنا لیتے ہیں۔لاہور سے آئے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ایڈمنسٹریشن کے وفد نے اسلام آباد میں چیف جسٹس افتخار چودھری سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لیے عوامی حمایت اور مختلف سیاسی نکتہ نظر دو لازمی عناصر ہیں۔ انتظامیہ قانون کی پاسداری نہ کرے تو مقننہ پر لازم ہے کہ وہ کارروائی کرے ، اور اگر انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات پر مقننہ کو ردعمل کی طاقت نہ ہو تو پھر مختلف سیاسی نکتہ نظر بھی قانون کی حکمرانی میں مدد گار نہیں ہوسکتے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی نظام میں انتظامیہ کی مقننہ میں اکثریت ہے ، تو ایسے نظام میں مقننہ ، انتظامیہ کو قانون پر عمل کے لیے مجبور نہیں کرسکتی ۔ ایسی صورت حال میں عدالتی فیصلوں پر عوامی حمایت ایک لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ، دباؤ ڈالیں تو انتظامیہ کو الیکشن میں عوامی ردعمل کے پیش نظر عدالتی فیصلوں پر عمل کرنا پڑتا ہے، اداروں کو آئین اور قانون کے مطابق مضبوط اور مستحکم کرنا قومی مفاد میں ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.