29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خاتون پر تیزاب پھینکنے والے کو عمر قیداور10لاکھ روپے جرمانے کی سزاتجویز
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ترقی خواتین نے عورتوں کو تیزاب سے جلانے کے خلاف بل منظور کر کے قومی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔ بل میں ملزم کو عمر قید اور10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس بشریٰ گوہر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے خلاف بل کی منظوری دی گئی۔ بل میں ملزم کو عمرقید اور10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے جس میں کمی بھی نہیں کی جا سکے گی ۔ بل کے تحت حکومت ایک مانیٹرنگ بورڈ قائم کرے گی جو خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گا جب کہ متاثرہ خواتین کے علاج کی سہولیات بھی فراہم کرے گا ۔ یہ بل منظوری کے لیے آئندہ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔