26 جون 2011
وقت اشاعت: 19:19
سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات: ایم ایم مہدی چیئرمین بن گئے
جنگ نیوز -
کراچی …شکیل یامین کانگا…مشتاق احمد سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے بلامقابلہ صدر اور جاوید خان جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ اتوار کو سندھ اسپورٹس بورڈ ناظم آباد میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے 2011 تا 2015 کی مدت کیلئے ہونے والے انتخابات کی نگرانی سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت اور سندھ اسپورٹس بورڈ کے انجم سلیم نے کی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے نمائندے اشتیاق مبین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ الیکشن کمشنر کے نتائج کے مطابق تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔ ایم ایم مہدی چیئرمین، مشتاق احمد صدر، رضا اللہ خان راجپوت سینئر نائب صدر، جاوید احمد خان سیکرٹری اور نصرت حسین خازن منتخب ہوئے۔ انتخابات میں لاڑکانہ، میرپورخاص، حیدرآباد، سکھر اور کراچی کے تمام نمائندوں نے شرکت کی۔ نومنتخب صدر مشتاق احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ میں سائیکلنگ کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کئے جائیں گے۔ سائیکلنگ کو لیاری، لیاقت آباد، ناظم آباد سے نکال کر کلفٹن، ڈیفنس، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں تک پہنچایا جائے گا، کوشش ہوگی کہ غریب علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے کے سائیکلسٹ سے پاکستان بھر میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کریں۔ سندھ کے تمام ڈسٹرکس میں سائیکلنگ کوچنگ کیمپ لگائے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے کامیاب ہونے والے عہدیداروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے ہماری جانب سے جو بھی مدد ہوسکے گی ہم کریں گے۔