27 جون 2011
وقت اشاعت: 4:4
آزاد کشمیر انتخابات: وزیراعظم سردار عتیق اور 3سابق وزرائے اعظم بھی کامیاب
جنگ نیوز -
آزاد کشمیر انتخابات: وزیراعظم سردار عتیق اور 3سابق وزرائے اعظم بھی کامیاب
مظفرآباد…آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے علاوہ سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر،سردار یعقوب خان اور بیرسٹر سلطان محمود بھی کامیاب ہو گئے۔ جب کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے امیر اپنی نشستیں بھی ہار گئے۔ایل اے 3میرپور تھری سے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود17390ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم کانفرنس کے چودھری محمد اشرف دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 13 باغ کی نشست مسلم کانفرنس کے صدروزیراعظم سردار عتیق احمد نے جیت لی،انھوں نے 20115ووٹ حاصل کیے ،جبکہ ان کے مدمقابل جماعت اسلامی کے میجر (ر) لطیف دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 19 پونچھ، سدھنوتی تھری کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیراعظم سردار یعقوب خان27640ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان 17320ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے دو نشستوں ایل اے 26 اور ایل اے 28 پر کامیابی حاصل کی۔ایل اے 28مظفرآباد 5 سے مسلم لیگ ن کے راجہ فاروق حیدر25182ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے اشفاق اظہر دوسرے نمبر پر رہے۔شکست کھانے والے پارٹی سربراہوں میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان اور جماعت اسلامی کے عبدالرشید ترابی شامل ہیں۔ایل اے 19 پونچھ پر جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کو صرف17320 ووٹ ملے جب کہ سابق وزیراعظم سردار یعقوب خان نے27640ووٹ لے کر اس نشست پر کامیابی حاصل کی۔ایل اے 14 باغ ٹو کی نشست پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرعبدالرشید ترابی کو شکست ہو گئی،انھیں صرف507 ووٹ ملے،یہ نشست پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزماں نے جیت لی جبکہ آزاد امیدوار راجا نسیم خان دوسرے نمبر پر رہے۔